مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف نے آصف علی زرادری، مولانا فضل الرحمان، اخترمینگلم خالد مگسی سمیت اتحادی جماعتوں سے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے سیاسی رہنماوں کو عدم اعتماد کی کامیابی پر مبارک باد دی۔
شہباز شریف کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد ایم کیو ایم سے ملاقات کیلیےلاجز پہنچے اور متحدہ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے ایم کیو ایم کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا، ملاقات میں وزیراعظم نامزدگی میں بھی ساتھ دینے اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
بعد ازاں شہباز شریف نے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سربراہ خالد مگسی سے ملاقات کی اور عدم اعتماد، قائد ایوان پر حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ ن نے صدر نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے سربراہ اختر مینگل سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور شکریہ بھی ادا کیا۔
بعد ازاں میاں شہباز شریف وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور آصف زرداری سے ملاقات کےلیے اُن کی رہائش گاہ پر پہنچے۔
سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہباز شریف کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا. دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کو یقینی بنانے کی جدوجہد پر شکریہ ادا کیا۔
صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہباز شریف کے درمیان عوامی مفادات پر اتفاق رائے سے ساتھ چلنے کا عزم کا اظہار کیا گیا، سابق صدر آصف علی زرداری،،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہباز شریف کے درمیان انتخابی اصلاحات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے بھی قائد ایوان کے لیے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔