سموگ کے باعث لاہور کے پرائمری سکول ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان

0 11

سموگ کی ابتر صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور کے سرکاری اور نجی پرائمری سکول ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہو رمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہورکے ایئرکوالٹی انڈیکس نے صبح کے وقت ایک ہزار سے زیادہ تجاوز کیا، چندی گڑھ بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی، لاہور کے اندر بہت سےعلاقے بھارت سے آنے والی ہوا سے متاثر ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت سے تیز ہوائیں آئیں اور لاہور کا اے کیو آئی ایک ہزار سے اوپر پہنچا، بارڈر کے قریب اے کیو آئی 1900 تک گیا، جب ہوا رکی تو اے کیو آئی کم ہوکر 180 اور 200 کے درمیان آگیا، آج صبح دوبارہ بھارت سے آنے والی ہوا کی رفتار بہت تیز تھی، لاہور کی اپنی ہوا زیرو سپیڈ پر تھی، آج بھارت سے آنے والی ہوا سے لاہور کا اے کیو آئی 1017پر گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ لوکل لیول پر سرویلنس ہورہی ہے،متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود ہے، کسانوں سے میری خاص درخواست ہے فصلوں کی باقیات کو نہ جلائیں، سپرسیڈر کا استعمال کریں وہ زیادہ مفید بھی ہے، کسان سپر سیڈرز کو کرائے پر لے سکتے ہیں، آج بھی کسان گرفتار ہوئے اور کل بھی، جب تک خودذمہ داری ادا نہیں کریں گے سموگ پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس وقت اے کیو آئی لیول مضر صحت ہے، شرارتی لوگوں اور سازشی دماغوں نے اس مسئلے پر بھی سیاست کی، سموگ والا مسئلہ بھارت سے بات کیے بغیر حل نہیں ہوسکتا، بارڈرز کے دونوں طرف سے اقدامات سے ہی معاملہ حل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے شملہ پہاڑی کے علاقے میں اے کیو آئی لیول نیچے بھی گیا، شملہ پہاڑی کے علاقے میں گرین لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے، گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں چنگچی رکشوں کے داخلے پر پابندی ہے، شہر میں گاڑی،بس ،موٹربائیکس یا چنگ چی سے دھواں نکل رہا ہے تو کارروائی ہوگی، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.