سینئر قانون دان بابر اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور قاضی فائز عیسیٰ ایک ہی رات ملک سے گئے جو لندن پلان کو ثابت کرتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سینئر قانون دان بابر اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں یہ سن کر حیران ہوں کہ حکومت لندن میں مظاہرین کے خلاف پاکستان میں مقدمات درج کرے گی۔
بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک ہی رات ملک سے باہر گئے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ لندن پلان تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ان کو کبھی بھی معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ یہ واپس لوٹ بھی آئے تو چھپ کر ہی رہیں گے۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہارے ہوئے لشکر کو اقتدار دیا گیا۔
واضح رہے کہ نواز شریف ہفتہ 26 اکتوبر کو اپنے معمول کے طبی معائنے کے لیے لندن روانہ ہوئے۔ وہاں سے وہ امریکا چلے گئے اور شیڈول کے مطابق امریکا سے لندن واپس آنے کے بعد وہ یورپی ممالک کا دورہ کریں گے۔
دوسری جانب قاضی فائز عیسیٰ 26 اکتوبر کو ہی چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے سے سبکدوش ہوئے اور وہ اسی شب فیملی کے ہمراہ لندن میں اپنی درسگاہ مڈل ٹیمپل کی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت پر لندن روانہ ہوئے۔