26ویں آئینی ترمیم نے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا راستہ بند کردیا: رانا ثناءاللہ

0 2

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم نے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا راستہ بند کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کی معیشت و ترقی میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور پاکستان بحرانی کیفیت سے نکل آیا ہے اور اب ملک میں معاشی وسیاسی استحکام آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد جب حکومت بنائی تو ڈیفالٹ کاخطرہ لاحق تھا تاہم ہر مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے سیاسی حقیقت کےطور پر بھرپور کردار ادا کیا ہے اور تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر یقین رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور ہمیشہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کیا جب کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے توانائی بحران پر قابو پایا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ 2017 میں ایک منتخب وزیراعظم کی حکومت کو غیرآئینی طریقے سے ختم کیا گیا، نوازشریف کی قیادت میں پھلتے پھولتے اور ترقی کرتے پاکستان کو ٹریک سے ہٹایا گیا تاہم آج وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو عوامی تائید حاصل ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی وجہ سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اب پاکستان کو چور راستوں سے نشانہ نہیں بنایا جائے گا جیسے پہلے بنایا جاتا تھا، ملک کی خدمت کرتی حکومت کو ختم کرکے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کیا گیا، اب وہ چور دروازے بند ہوگئے ہیں۔

رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی انتھک محنت سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تعلیم،صحت اور بے روزگاری کے معاملے پر پنجاب حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہیں، بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے، اب پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام آئے گا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.