کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) نے صدر کوئٹہ پریس کلب کو مراسلہ ارسال کیا ہے،مراسلے میں کوئٹہ پریس کلب میں کانفرنسز یا سیمینار سے قبل ڈپٹی کمشنر کا این او سی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت اور تنظیم کو بغیر این او سی کے کانفرنس یا سیمینار کی اجازت نہ دی جائے،مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
دوسری جانب اس حوالے سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا ہے کہ آزادی اظہار پرپابندی کے خلاف ملک بھر کے پریس کلب متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ہوش کے ناخن لے، مراسلہ آزادی اظہار پرقدغن ہے لہٰذا ضلعی افسرپریس کلب کو ہدایت نامہ جاری نہ کرے۔
صدرلاہور پریس کلب کا کہنا تھاکہ کوئٹہ پریس کلب پرپابندیاں واپس نہ لیں تو ملک بھرمیں احتجاج کریں گے، حکومتی تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔