مون سون کے طاقتور سسٹم کے تحت پنجاب میں شدید بارشیں ہورہی ہیں ،محکمہ موسمیات نے صوبے میں 36 سے 48گھنٹوں میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ادھر ملتان میں منگل کو طوفانی بارش سے 48 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، 2 گھنٹے میں 147 ملی میٹر پانی برسا، برساتی پانی نشیبی علاقوں اور خواجہ فرید سوشل سکیورٹی اسپتال میں داخل ہوگیا جب کہ بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارشیں ریکارڈ کی گئیں، موسلادھار بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے، پنجگور میں برساتی نالے میں نہانے کے لیے جانے والے 4 بچےڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
مستونگ میں ٹریکٹر ٹرالی برساتی نالے میں بہہ گئی جب کہ وادی زیارت کے علاقے کان میں تباہ کن سیلاب سے سیب کے باغات ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے جو بجری اور پتھروں سے بھرگئے۔
کراچی میںمون سون سسٹم کی شدت برقرار رہنے کے سبب شہر میں آج اور کل موسلادھار بارش کا امکان ہے، مون سون سسٹم کا مرکز سندھ میں داخل ہو چکا ہے جب کہ ڈیپ ڈپریشن کا مرکز ننگرپارکر کے قریب ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں سسٹم کراچی کے جنوب بحیرہ عرب تک آسکتا ہے جس کے تحت آج وقفے وقفے سے معتدل سے موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، 31 اگست تک کراچی اور سندھ میں سسٹم بارش کا سبب بنے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 62 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، بن قاسم میں 44.2 ، قائدآباد 29، سرجانی 19، کورنگی18، یونیورسٹی روڈ پر16.7 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کیماڑی 14.5، ڈی ایچ اے فیز ٹو 13.4، جناح ٹرمینل 12.8، اولڈ ائیرپورٹ 11.5، شارع فیصل 12، گلشن معمار10.4، گڈاپ 10.1، صدر 10، نارتھ کراچی 8.4، ناظم آباد7.8 اور اورنگی ٹاؤن میں 5.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔