راولپنڈی پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی مرکزی شوریٰ کے رکن سید عنایت الحق سمیت 28 ملزمان پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کردیا۔
پولیس کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے سید عنایت الحق، مفتی عمیر، ڈاکٹر شفیق امینی، علامہ شفیق قادری سمیت 28 ملزمان کے خلاف تھانہ ائیر پورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ملزمان جامع ضیاالعلوم میں چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف ملکی سطح پر جلسہ جلوس کا پروگرام طے کرنے کی میٹنگ کر رہے تھے، ملزمان نے چیف جسٹس کو برطرف کر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تقریر کی جومذہبی منافرت اور مجرمانہ سازش کے حامل ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان مسلح گن مینوں اور مدرسے کے طالب علموں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں آئے اور انہوں نے ہائی کورٹ روڈ بلاک کردی، مسلح گن مینوں کے سڑک پر آنے کے باعث عام شہریوں میں خوف و حراس پھیلا۔
مقدمے میں کہا گیا کہ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان گاڑیوں میں سوار ہو کر جی ٹی روڈ سواں اور طلبا مدرسے کی جانب گلیوں میں بھاگ گئے، ملزمان نے چیف جسٹس کے خلاف شدید نعرے بازی کر کے عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی تھی۔