صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 3 روز کے دوران بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ پیش کردی۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں پچھلے 3 روز کے دوران 24 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 6 مرد 6 خواتین اور 12 بچے جبکہ زخمیوں میں 8 مرد 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔
تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 150 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 77 گھروں کو جزوی اور 73 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا، تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، کوہستان اپر و لوئر ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، مھمند، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو میں رونما ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری، بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشنری کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جب تک حالات معمول کے مطابق نہ ہو سیاح سیاحتی مقامات کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام/سیاح کسی بھی ناخوشگوار کی اطلاع، موسمی صورتحال ، سٹرکوں کی بندش اور رہنمائی کے لیے 1700 رابطہ پر رابطہ کریں۔