4 سے 6 اگست تک سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز بارش کا امکان، دریائے چترال میں سیلاب سےپل، مکانات اور فصلیں بہہ گئیں

0 51

4 اگست سے سندھ میں شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہوں گی، 4 سے 6 اگست کے دوران کراچی سمیت سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جب کہ آج پھر کراچی،ٹھٹھہ، بدین، سجاول،جامشورو،تھرپارکر، عمرکوٹ ، مٹھی اور دادو سمیت سند ھ میں پھر کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز شہر قائد میں سب سے زیادہ بارش گڈاپ میں 42.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو نے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی،لاڑکانہ،مورو اور سانگھڑ سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی باعث دریائے چترال میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی، پل، پولیس چوکی، مکانات، مساجد، باغات اور فصلیں بہہ گئیں، جبکہ سڑکیں بند ہوجانے سے ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوگئی۔

چترال میں موسلادھار بارشوں کے باعث پہاڑوں سے آنے والے سیلاب سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور دریا بپھرگیا سیلابی ریلے سے چترال، مستوج، شندور روڈ بند ہوگیا۔

سیلاب سے فصلوں، باغات، مساجد اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے، سیلابی ریلا پولیس چوکی کے ساتھ ساتھ کوغزی پل کو بھی بہا لے گیا، ساتھ ہی علاقے میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند ہوگئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بند اور راستے بحال ہوتے ہی واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔

پچھلے سال طوفانی بارشوں کے بعد نالے میں مٹی بھر کر عارضی راستہ بنایا گیا تھا جو سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے، سیلابی صورتحال کی پیش نظر گلگت اور اپر چترال روڈ، کالاش ویلی روڈ اور شی شی کوہ ویلی روڈ بھی بند ہوگیا ہے۔

ادھر مانسہرہ میں بھی موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے، بیشتر سڑکوں پر آمد و رفت بند ہوگئی ہے، پل، مکانات، باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، شاہراہ کاغان پر بھی مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب صدر ہوٹل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ناران میں پھنسے تمام سیاح محفوظ ہیں، پھنسے سیاحوں کو قیام فری اور طعام میں 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.