جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، حکومتی ٹیکنیکل کمیٹی بن گئی، مذاکرات آج ہونگے

0 58

جماعت اسلامی کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے،دھرنے میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

28 جولائی کو مذاکرات کے پہلے دور میں حکومتی نمائندوں نے جماعت اسلامی کے مطالبات پر مشاورت کیلئے وقت مانگا تھا جس کے بعد اب وزیرداخلہ محسن نقوی اورحکومتی مذاکراتی کمیٹی نے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے۔

اس حوالے سے لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت اورجماعت اسلامی کے مذاکرات آج 3 بجے ہوں گے اور جماعت اسلامی کی4 رکنی کمیٹی حکومت سے مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ کرےگی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مطالبات پرقائم ہے،کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سے پہلے راؤنڈ میں سیکرٹری پاور، ایف بی آر اور فنانس کے افسران پر مشتمل ٹیکنکل کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا تھا اور کمیٹی بن گئی ہے، اب جماعت اسلامی اپنے ارکان نامزد کرے گی تو مذاکرات کا فائنل راؤنڈ ہوگا۔

جیو نیوز کے پروگرام "کیپٹل ٹاک” میں جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کے رکن امیر العظیم نے کہا کہ حل مذاکرات سے نکلے یا کسی اور طریقے سے مگر یقین ہے کہ حل ضرور نکلے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.