نجی نیوز چینل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے سخت سیاسی مؤقف سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کرلیا ، سیاسی کشیدگی کم کرنے اور پارلیمان کے اندر اور باہر روابط کا حکم دے دیا ہے۔
اب پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت مختلف جماعتوں سے پارلیمان کے باہر بات چیت کرے گی، پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمان میں قیادت حکومتی اتحاد سے روابط کو بہترکرے گی۔
کشیدگی کم کرنے اور اسٹیبلشمنٹ سے روابط کیلئے بھی 3 رکنی کمیٹی کو اختیار دے دیا گیا ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں کمیٹیوں سمیت متعدد معاملات پر بات چیت سے آگے بڑھا جائے گا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اداروں سے بہتر تعلقات کیلئے بیک ڈور روابط میں مصروف ہیں، کشیدگی میں کمی کیلئے پارٹی سیاسی ومعاشی استحکام کے ایجنڈے پر ریاست کیساتھ ہوگی۔