سی ای او ڈریپ کی ہدایت پر صوبائی دفاتر کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کے لیے مارکیٹ کی سرویلنس کی جائے اور ملک بھر کی میڈیسن مارکیٹس میں ہنگامی بنیاد پر سروے کیے جائیں۔
صوبائی دفاتر تین روز میں ناپید ادویات کی تفصیلی رپورٹ فراہم کریں، ڈریپ سرویلنس ٹیمیں ناپید ادویات کی آن لائن انفرادی رپورٹنگ کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈریپ ٹیمیں مارکیٹ سے ناپید ادویات کے متبادل برانڈز کی رپورٹنگ بھی کریں، مختلف برانڈز کے انہیلر اور اینٹی الرجی ادویات ناپید ہونے کی شکایات ہیں۔
ڈریپ کا ادویات کی قلت دور کرنے کے لیے دواساز کمپنیوں اور امپورٹرز سے رابطہ ہے، انسانی جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم ہے، کمیٹی کو جان بچانے والی ادویات کی قلت کے بارے میں شکایات ملی ہیں۔
سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عاصم رؤف کا کہنا ہے کہ ملک میں معیاری ادویات کی مقررہ قیمت پر دستیابی ترجیح ہے، مارکیٹ سروے سے ادویات کی قلت کی اصل صورتحال واضح ہوگی۔
اہم ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں گے، اہم ادویات کی دستیابی کے لیے مارکیٹ مانیٹرنگ بڑھائی جائے گی، فیلڈ ٹیمیں اہم ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔