سیالکوٹ (شوریٰ نیوز)شریف خاندان پر جھوٹے مقدمات بنانیوالے بے نقاب ہو رہے ہیں، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام سے دو چار کیا گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مذموم مہم چلائی گئی اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام سے دو چار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کا بیٹا مبینہ طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ کا پی ٹی آئی کا ٹکٹ بیچ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے حالات نے کروٹ لی ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت بے نقاب ہو چکی ہے ، اقتدار سے دوری عمران خان کو کھائے جا رہی ہےجس سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان کو جان بوجھ کر معاشی عدم استحکام کی طرف دھکیلا گیا اور سی پیک جیسا گیم چینجر منصوبہ جسے نواز شریف نے شروع کیا تھا جس کی وجہ سے 2018ء میں ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیا گیا تھا، اسے پی ٹی آئی کی حکومت نے بند کر دیا، نواز شریف کے سی پیک منصوبے کو اگر اسی طرح سے چلنے دیا گیا ہوتا تو آج ملکی معیشت کا یہ حال نہ ہوتا بلکہ ملک ترقی کر رہا ہوتا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک سے پی ٹی آئی کا گھنائونا چہرہ بھی بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کو ہی دیکھ لیں جہاں پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے لیے کروڑوں روپے عمران خان اینڈ کمپنی کو دئیے گئے اور جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملے وہ اپنے پیسے واپس لینے کے لیے دوڑیں لگا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں ہمیشہ سے ہی تضاد رہا ہے کیونکہ وہ کبھی کچھ کہتا ہے تو کبھی کچھ ، اس کی کسی بات پر بھی یقین نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ آئے روز یو ٹرن لیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب اسمبلی انہوں نے خود توڑی لیکن اب انہیں بھی بحال کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، انکو صرف اقتدار کی ہوس ہے ، جسکے لیے یہ لوگ کچھ بھی کرنے کوتیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کام آئین و قانون کے مطابق فیصلے دینا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا جس نے اسے سرخرو کیا ، نواز شریف کو سیسلین مافیا کہنے والے سن لیں کہ نواز شریف سیسلین مافیا نہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جو ایک کروڑ 20 لاکھ لیکر ٹکٹوں کا سودا کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں ۔خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ برے وقت سے ڈرنا چاہیئے کیونکہ میرے رب کی لاٹھی بے آواز ہے اور جب وہ پڑتی ہے تو بڑے بڑوں کی بولتی بند کرا دیتی ہے اس لیے ہمیں اپنے عہدوں کو اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق استعمال کرنا چاہیئے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور اس کے فالوورز کو خدا کا خوف کرنا چاہیئے کہ وہ کن مبارک ہستیوں کے ساتھ کس کا موازنہ کرتے پھرتے ہیں، گزشتہ دنوں ایک چھوٹے سے بچے سے جو بات عمران خان کے بارے کرائی گئی نعوذ باللہ مجھے وہ الفاظ دہراتے ہوئے بھی ڈر لگ رہا ہےلیکن ان میں سے کسی نے بھی اس کی کئی مذمت تک کرنا گوارا نہیں کیا کیونکہ ان لوگوں کو کوئی خوف ہی نہیں لیکن انہی بے ادبیوں اور گستاخیوں کی وجہ سے انہوں نے مزید زلیل و خوار بھی ہونا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کون سا لانگ مارچ آج تک کامیاب ہوا، انہوں نے ایک لانگ مارچ کسی کے کہنے پر کیا جو وزیرآباد آ کر ٹھس ہو گیا، اب ان کو نئے سہولت کار ملے ہوئے ہیں، عمران خان شوق سے احتجاج کریں ہمارے سر سے اتریں، جو دل کرتا ہے کر گزریں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جون کے اوائل میں بجٹ آرہا ہے جس میں تنخواہ دار طبقے سمیت عوام کوریلیف دیں گے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تب سے لیکر ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں اور پر عزم بھی ہیں کہ بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد اپنے وطن واپس آئیں گے اور ملک و قوم کی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔