ملک بھر میں چہلمِ شہدائے کربلا کی مناسبت سے جلوس و مجالس عزا کا سلسلہ جاری

0 242

پاک نیوز ملک بھر میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالسِ عزاء منعقد کی جا رہی ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون کی سروس معطل رہے گی۔

لاہور میں چہلم کا جلوس

لاہور میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گیا۔

مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔

صوبے بھر میں جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی پر 42 ہزار سے زائد اہلکار، افسران اور رضاکار تعینات ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ جاری ہے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مخصوص مقامات پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

کوئٹہ: چہلم کا مرکزی جلوس برآمد

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ پر چوک شہداء سے برآمد ہو گیا ہے۔

جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا بعد نماز مغرب فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوگا۔

چہلم کے جلوس کے راستے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی: شہدائے کربلا کا چہلم، مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا

کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس آج دوپہر 1 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔

شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کے پیش نظر گرومندر سے نمائش سگنل تک روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

خداداد سگنل سے نمائش جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے اور نمائش سگنل سے ایم اے جناح روڈ حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ تک بند ہے۔

ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والا ٹریفک لسبیلہ چوک سے گارڈن بھیجا جارہا ہے، لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی سے جیل چورنگی کی جانب بھیجا جارہا ہے، اسٹیڈیم روڈ سے آنے والے ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت ہو گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.