قومی اسمبلی اجلاس آج صبح 10 بجے ہوگا، نو منتخب اراکین حلف لیں گے

0 125

شیڈول کے مطابق 29 فروری کو 16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد تمام ارکان رجسٹر پر دستخط بھی کریں گے۔

قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، جس کے بعد اگلے مرحلے میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، دونوں عہدوں کیلئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی دن 12 بجے سے پہلے جمع کروا سکیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن یکم مارچ بروز جمعہ کو ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے جبکہ چار مارچ کو وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔

شہباز شریف کو دوسری بار وزیر اعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں، اس وقت مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

اس وقت قومی اسمبلی کا ایوان 336 ارکان پر مشتمل ہے جن میں سے 266 نشستوں پر براہ راست انتخابات کے ذریعے ارکان اسمبلی کو منتخب کیا جاتا ہے باقی ارکان مخصوص نشستوں پر ایوان کا حصہ بنتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.