ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستانی ہم منصب کوانتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد
ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پاکستان میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
ٹیلی فونک گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے پاکستان کی نئی پارلیمنٹ جلد اپنے کام کا آغاز کردے گی۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے ایران اور پاکستان کے درمیان معاہدوں اور سمجھوتوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
خیال رہے کہ دور روز قبل نگران کابینہ کی توانائی کمیٹی نے ایرانی بارڈر سے گوادر تک 81 کلومیٹر پائپ لائن بچھانے کی منظوری دے دی ہے۔
کابینہ کمیٹی کے اجلاس بعد جاری اعلامیے کے مطابق نگران وزیر توانائی محمد علی کی زیر صدارت کابینہ توانائی کمیٹی اجلاس میں ایران سے گیس درآمد کیلئے ایران کی سرحد تک 80 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اندر 80 کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا، پائپ لائن گوادر سے ایران سرحد تک تعمیر ہوگی۔