شہادت امام حسینؑ استعمار کیخلاف وحدت و بیداری کا درس دیتی ہے، متحدہ علماء محاذ
پاک نیوز، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سربراہ مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر کراچی کے صدر مفتی محمد داؤد کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں 18ویں سالانہ پیغام شہادت نواسہ رسولؐ سیدنا امام حسینؑ و امام زین العابدینؑ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار سے مختلف مسالک و مذاہب کے جید علماء مشائخ و ذاکرین ورہنماؤں سمیت مولانا انتظارالحق تھانوی، سید محمد خرم شاہ جیلانی، مولانا سلیم اللہ خان ترک، علامہ علی سرکار نقوی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت امام حسینؑ استعمار کے خلاف وحدت و بیداری کا درس دیتی ہے، امام حسینؑ نے دین کی سربلندی کیلئے خاندان نبوت کی لازوال عظیم قربانی دی، آج دین کے نام پر تکفیریت، فرقہ پرستی، دہشت گردی،عصبیت، منافرت کو فروغ دیا جارہا ہے، علماء و ذاکرین محراب و منبر پر مسالک کے بجائے دین اسلام، اہل بیت اطہارؑ، اصحاب رسولؐ کی سیرت و تعلیم کی تبلیغ کریں۔
علماء مشائخ نے مزید کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس اور جنت نظیر کشمیر کی آزادی جذبہ حسینی سے ہی ممکن ہے، امام حسینؑ اگر یزید کے ہاتھ پر بیعت کرلیتے تو قیامت تک کسی کو محراب و منبر سے ظالم، جابر حکمران و نظام کے خلاف علم جہاد بلند کرنے کی جرأت نہ ہوتی، مسلمان باہمی تفرقوں کے بجائے اس دور کے یزیدی نظام حکومت، غیر شرعی ظالمانہ مغربی جمہوریت کے خلاف متحد و بیدار ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی اتحاد عالمی کافرانہ، ظالمانہ، غاصبانہ، استعماری و استبدادی قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا اور دنیا میں حقیقی غلبہ اسلام کا مظہر ہوگا۔ سیمینار میں حالیہ بارشوں میں متاثرین سیلاب کی بھرپور امداد و بحالی کی اپیل کی گئی۔ سیمینار میں محاذ کے مرکزی نائب صدر علامہ علی کرار نقوی مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی و دعائے مغفرت کی گئی۔