کمشنر کا الیکشن سے کوئی سروکار نہیں ہوتا، الزامات ن لیگ کے مینڈیٹ پر ڈاکا ہیں،حنیف عباسی

0 106

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور نو منتخب رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی نے کل مجھے مبارکباد دی، کل میری کمشنر سے ملاقات ہوئی جس کی فوٹیج بھی موجود ہے۔

کمشنر کے الزامات کا مقصد راولپنڈی میں ن لیگ کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنا ہے، کسی طور پر ممکن نہیں کہ ہم ن لیگ کے مینڈیٹ پر ڈاکا مارنے دیں۔

کمشنر کسی حلقے کے ریٹرننگ افسر نہیں، ان کا ضمیر اتنی جلدی جاگ گیا اور کیوں جاگ گیا میں تو حیران ہوں، سازش کے تحت چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر پر الزام لگایا گیا، میری معلومات کے مطابق شاید لیاقت علی چٹھہ کی فیملی میں کچھ مسائل چل رہے ہیں۔

فیصلے عدالتوں میں ہوں گے فورمز موجود ہیں، ہمارے پاس سارے فارم 47،45، 48 اور 49 موجود ہیں، یہ بھی پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی عالمی سازش کا حصہ ہے۔

الیکشن میں کمشنر راولپنڈی کا کردار تو مانیٹرنگ کا بھی نہیں تھا، یہ بندہ تو کسی جگہ میٹر ہی نہیں کرتا یہ شاید یہ صاحب ’نک دا کوکا‘ سے متاثر ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں سی پی او راولپنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار کرلیا، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور کمشنر آفس راولپنڈی کو سیل کر دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.