جس نے ایم کیو ایم کو کراچی پر مسلط کیا اس نے دہشتگردی کو فروغ دیا، حافظ نعیم
امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ الیکشن میں طاقت کے زور پر نتیجہ دیا گیا اور آر او نے لکھا ہوا نتیجہ سنا دیا جس نے ان کو مسلط کیا اس نے دہشتگردی کو فروغ دیا۔
انہوں نےکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں کراچی کے طلبہ سے زیادتی کی گئی، طلبا کو انتہائی کم پرسنٹیج دی گئی۔
طلبہ کے احتجاج پر وزیراعلیٰ کی جانب سے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی، کمیٹی رپورٹ میں بھی یہ بات واضح کی گئی کہ کراچی کےنوجوانوں کے ساتھ زیادتی ہوئی۔
نومبر دسمبر میں نصاب چھپ کر آیا،تین چار مہینے طلبہ کو تیاری کے لیے ملے، اساتذہ اور طلبہ کے لیے وقت نہیں تھا کہ پڑھ سکیں یا پڑھا سکیں، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے نصاب ایک ہیں لیکن امتحان الگ ہیں،کراچی کے پرچے مشکل بنائے گئے حالانکہ ہونا تو یہ چاہیے کہ صوبے بھر میں ایک ہی پیپر ہو۔
انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی چیکنگ ٹھیک نہیں ہوئی،کرپٹ افسران تمام تر ذمہ دار ہیں، اگرصرف گریس مارکس کے تحت رزلٹ اناؤنس ہو تو کراچی کے بچوں کی حق تلفی ہوگی۔
امیر جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کراچی کے تمام نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے اور بارہویں جماعت کا امتحان دوبارہ لیا جائے۔
الیکشن میں طاقت کے زور پر نتیجہ دیا گیا، آر او نے لکھا ہوا نتیجہ سنایا، انہیں پتہ نہیں تھا کچھ لوگ اس معاملے پر کھڑے ہو جائیں گے، عوام نے نکل کر ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا، جو عوام کا فیصلہ ہے اس کو قبول کرنا چاہیے۔
ایم کیو ایم کو کراچی کے لوگوں نے مسترد کر دیا ہے، جس نے ان کو مسلط کیا اس نے دہشتگردی کو فروغ دیا ہے، ایسی پارٹی جس نے بھتہ خوری کی، لوگوں کو فیکٹری میں جلایا، ان کو ہم پرمسلط کیا جا رہا ہے۔