پی ٹی آئی کا وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم، کے پی میں جماعت اسلامی کیساتھ ملکر حکومت بنانے کا اعلان

0 44

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے پریس کانفرنس میںکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا میسج ہے کہ جو انتخابات جیتا ہے اسے حکومت بنانے دی جائے، کے پی کے میں علی امین گنڈاپور حکومت بنائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات جتنی جلدی ہو کروا دیے جائیں ،کے پی میں ہم حکومت کی تشکیل کی طرف جا رہے ہیں، وفاق اور پنچاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے۔

جماعت اسلامی کے ساتھ خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی جائے گی،دوسری جانب تحریک انصاف کا حکومت سازی کے لیے جماعت اسلامی سے رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بیرسٹرگوہر،سینٹراعظم خان سواتی اور علی امین گنڈاپور نے لیاقت بلوچ سےرابطہ کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کےحوالے بات چیت ہوئی، پی ٹی آئی کو مثبت جواب دیا ہے، اب یہ پی ٹی آئی قیادت کا کام ہے کہ وہ کس طرف جاتے ہیں۔

حکومت سازی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی کے ساتھ تین روز سے رابطے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی 265 میں سے 264 نشستوں کے نتائج کے مطابق 101 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی تعداد 92، مسلم لیگ ن 79 اور پیپلز پارٹی 54 نشستوں پر کامیاب قرار پائی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی تمام 296 نشتوں کے نتائج بھی جاری کیے گئے جبکہ 1 نشست پر الیکشن نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں 138 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جن میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 116، مسلم لیگ ن 137، پیپلز پارٹی 10، پاکستان مسلم لیگ ق 8 جبکہ استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ضیا اور تحریک لبیک کی 1 ایک نشست پر کامیاب قرار پائی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی 112 نشتوں کے نتائج جاری کیے گئے ہیں جبکہ 1 روک دیا گیا ہے اور 2 پر الیکشن ملتوی ہوئے۔

جاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشستوں کیلئے 90 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جن میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 83، جمیعت علمائےاسلام پاکستان 7، پاکستان مسلم لیگ ن 5 اور پاکستان پیپلزپارٹی 4 نشتوں پر کامیاب ہوئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.