بلوچستان کے مختلف شہروں میں دھماکے، ایک شخص جاں بحق، 6 زخمی

0 111

نیو سبزل روڈ پر ہونیوالے دھماکے سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز طارق جواد نے بتایا کہ دھماکے میں8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر جاں بحق ہوا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جائے دھماکا کی حدود میں کوئی انتخابی پروگرام نہیں ہو رہا تھا، انتخابی گہما گہمی سے متعلق شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

دوسرا دھماکا سریاب کے علاقے کلی غلام جان میں کچرے کے ڈھیر میں ہوا جس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، بلوچستان کے شہر تربت میں دستی بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق تربت میں دستی بم کا دھماکا شہر کے مین روڈ پر بازار کے قریب ہوا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، دھماکے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو تربت ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔

دستی بم کا دھماکا ڈیرہ اللہ یار میں بھٹی پھاٹک کے مقام پر ہوا۔ جہاں نامعلوم افراد نے کھڑے ٹرک پر دستی بم پھینک دیا۔ دستی بم کے دھماکے سے تین راہ گیر زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے۔

اس کے علاوہ مستونگ سینٹرل جیل کے اندر دستی بم حملے میں سپاہی زخمی ہوگیا، دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے سپاہی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں تخریب کاری کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

گزشتہ روز قلعہ عبداللہ پی بی 50 میں جھنڈے لگانے کے دوران اے این پی کے کارکنوں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا۔ خضدار میں پیپلزپارٹی رہنما اور کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.