عالم اسلام کے پاس اپنا فیس بک، یوٹیوب جیسا ایک بھی ابلاغی ٹول نہیں، ڈاکٹر حسین محی الدین

0 212

پاک نیوز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن شمالی زون پنجاب کی سوشل میڈیا کے استعمال کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے پاس فیس بک، یوٹیوب، انسٹا گرام طرز کا اپنا ایک بھی ابلاغی ٹول نہیں، یہ عالم اسلام کی اجتماعی اہلیت کیلئے ایک سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ آبادی کے ملک پاکستان میں 10 کروڑ 73 لاکھ لوگ موبائل استعمال کرتے ہیں، 6 کروڑ 10 لاکھ نیٹ یوزر ہیں، 4 کروڑ پاکستانی فیس بک 3 کروڑ 60 لاکھ شہری یو ٹیوب، 1 کروڑ 10 لاکھ شہری انسٹا گرام استعمال کرتے ہیں پاکستانیوں کی اتنی بڑی تعداد انٹرنیشنل فورسز کے براہ راست حلقہ اثر میں ہے، ہمیں اپنے نیٹ یوزر نوجوانوں کو سائبر وار سے بچانا ہے اور ان کے اخلاق و دینی اقدار اور قومی نظریات کی حفاظت کرنی ہے ایک منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے اخلاق اور کردار بگاڑے جا رہے ہیں۔

نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈی نیشن ڈاکٹر رفیق نجم نے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن نظریاتی و فکری پختگی کیلئے اپنا علمی و تربیتی کردار ادا کر رہی ہے ہم سوشل میڈیا کے محاذ پر بھی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکری سرپرستی میں مسلمہ عقائد کی حفاظت کریں گے، منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے تعلیم یافتہ باشعور نسل پروان چڑھا رہے ہیں۔ ورکشاپ سے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افئیرز نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، آئی ٹی میجنر محمد ثناء اللہ، سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے ہیڈ شہزاد اکبر نے اظہارِ خیال کیا۔ سوشل میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے معروف کالم نویس دانشور حافظ شفیق الرحمٰن نے کہا کہ نوجوان مطالعہ کتب کی عادت اپنائیں، کتاب بینی سے انسان فکری انتشار سے بچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نوجوانوں کی عصری تقاضوں کے مطابق تربیت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی اہمیت اپنی جگہ مگر قلم اور کتاب کی اہمیت اور افادیت مسلمہ ہے۔ انہوں نے اہم موضوع پر تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر منہاج القرآن کے ذمہ داران کو مبارکباد دی معروف دانشور مصنف ڈاکٹر اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ خوارج اور انتہا پسندی سے بچانے کیلئے سب سے زیادہ کام ڈاکٹر طاہر القادری اور ادارہ منہاج القرآن کا ہے، وہ نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں سائبر وار سے بچا رہے ہیں اور ایک باشعور نسل تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی طرف سے سوشل میڈیا پر تربیتی ورکشاپ کے آئیڈیا اور عملی کردار نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے روایتی ذرائع مسدود ہو رہے ہیں نوجوانوں کو ای کامرس کی تعلیم دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بدی کی قوتیں اور ذہن اکٹھے ہیں تو رحمانی قوتیں انتشار کا شکار کیوں ہیں،؟ ورکشاپ کے اختتام پر شمالی پنجاب زون کے اضلاع کی سوشل میڈیا ٹیموں کا اعلان کیا گیا اور انھیں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نوٹیفیکیشن دیئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.