نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر انکا شکریہ ادا کروں گا، عمران خان

اپنے ایک انٹرویو میں تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنسز سے ملک ٹھیک نہیں ہوگا، شہباز شریف نے بھائی کے لندن جانے کیلئے جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا، کیا شہباز شریف کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر نااہل نہیں ہونا چاہیئے۔

0 265

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر اتحادی حکومت نے میرا نام ای سی ایل میں شامل کیا تو ان کا شکریہ ادا کروں گا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقے کا اعتماد بحال کرنے کیلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں، پاکستان کی پوزیشن ہر گزرتے دن کیساتھ نیچے جا رہی ہے، الیکشن کی تاریخ دی جائے تو ہر قسم کی بات کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم کل چیف الیکشن کمشنر کیخلاف پرامن احتجاج کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران ٹولے کی وجہ سے ملکی سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، فوج نیشنل سکیورٹی کا بہت بڑا حصہ ہے، معاشی سکیورٹی متاثر ہوگی تو قومی سکیورٹی بھی متاثر ہوگی۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری ہار کے ڈر کی وجہ سے الیکشن کا اعلان نہیں کر رہے، یہ لوگ ملک کا نہیں صرف اپنی دولت بچانے کا سوچ رہے ہیں، ان پارٹیوں کے لیڈرز کے اربوں روپے بیرون ملک پڑے ہوئے ہیں، ان کے بچے، دولت، کاروبار ملک سے باہر ہے، انہیں ملک کی کیا فکر ہے، ملک غریب جبکہ شریف برادران اور زرداری کی دولت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز خود کہتی ہے کہ لولی لنگڑی حکومت ہے، کیا شہباز شریف اور زرداری کی وجہ سے ملک کو تباہ ہونے دیں، فیصل آباد میں فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، لوڈشیڈنگ نے زراعت کو متاثر کیا، فیصلہ کرنے کا وقت ہے، بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے کا ڈرامہ کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کیخلاف ایک دن میں انہوں نے 17 پریس کانفرنسز کیں، پریس کانفرنسز سے ملک ٹھیک نہیں ہوگا، شہباز شریف نے بھائی کے لندن جانے کیلئے جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا، کیا شہباز شریف کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر نااہل نہیں ہونا چاہیئے۔ ای سی ایل میں نام شامل کیے جانے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کروں گا، میں بیرون ملک جانا ہی نہیں چاہتا، یہ بے شک میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیں، پاکستان میں مطمئن ہوں اور پاکستان میں ہی رہوں گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.