شب برأت پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں، ثروت اعجاز قادری
پاک نیوز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ شب برأت پر قبرستان جانے والے زائرین کی حفاظت کیلئے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں، شب برأت سے قبل کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور علاقائی چیئرمین و میونسپل کمشنر کو تحریری درخواستیں دینے کے باوجود قبرستان کی صفائی ستھرائی کا نہ ہونا سوالیہ نشان ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے قبرستانوں کی صفائی اور اسٹریٹ لائٹ لگائی جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں کراچی میں مرکز اہلسنت پر ڈسٹرکٹ و سیکٹر کنوینر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی محمد آفتاب قادری، محمد طیب قادری اور کراچی ڈویژن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کارکنان اپنی مدد آپ کے تحت قبرستانوں کے اندر اور باہر کی صفائی کیلئے آگے بڑھ کر کام کریں، مطلقہ اداروں سے رابطے کرکے راستوں میں جمع سیوریج کے پانی کو ختم کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برأ ت پر عوام اپنے پیاروں کی قبروں پر جاکر ان کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کرتے ہیں، جبکہ غلامان مصطفیٰﷺ شب برأت پر قبرستان جاکر سرکار دو عالمﷺ کی سنت بھی ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں مسلمان شب برأت پر اپنے پیاروں کی قبروں کی زیارت کرتے ہیں، لہٰذا قبرستانوں کی صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔