حکومت فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو سپورٹ نہیں کر رہی،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ حکومت پاکستان مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو سپورٹ نہیں کر رہی، افغانستان کے دورے سے واپسی پر ان سے بریفنگ لیں گے۔
انہوں نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پہلی مرتبہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کانفرنس اسلام آباد میں ہوئی، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کانفرنس میں 70 سے زائد وفود نے شرکت کی۔
نگران وزیر خارجہ نے مستقبل کے وبائی امراض کیخلاف عالمی شراکت داری پر روشنی ڈالی، کانفرنس کا اختتام آج اسلام آباد میں اعلامیہ کے ساتھ ہو گا۔
غزہ کی صورت حال پر انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کو پاکستان سراہتا ہے اور ہم جنوبی افریقا کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
70 سال سے بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار کر رہا ہے، بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کی کتاب نہیں پڑھی تاہم اجے بساریہ کے بیان سے متعلق میڈیا رپورٹ دیکھی ہیں۔
پاکستان کالعدم ٹی ٹی پی سے ڈائیلاگ میں دلچسپی نہیں رکھتا، پاکستان کے اندر کالعدم ٹی ٹی پی نے دہشتگردی کے کئی حملے کیے، ہماری ڈیمانڈ وہی ہیں کہ دہشتگردوں کے خلاف افغانستان کی عبوری حکومت ایکشن لے۔
پاکستان ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی میں یقین رکھتا ہے، افغان وزیر کامرس کے دورے کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا، امید ہے ڈائیلاگ کے ذریعے خطے میں امن و استحکام آئے گا۔