ق لیگ کے ووٹ مسترد، حمزہ شہباز ہی وزیراعلیٰ برقرار
تحریک انصاف کے متفقہ امیدوار چودھری پرویزالہیٰ کو 186 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے متفقہ امیدوار حمزہ شہباز شریف کو 179 ووٹ ملے۔ چودھری شجاعت کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کو لیٹر موصول ہونے پر مسلم لیگ ق کے دس ووٹ منسوخ کر دیئے گئے جس پر چودھری پرویزالہیٰ اپنی اکثریت کھو بیٹھے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب برقرار رہے۔
پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ہونیوالی ووٹنگ میں پاکستان تحریک انصاف کے متفقہ امیدوار چودھری پرویزالہیٰ کو 186 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے متفقہ امیدوار حمزہ شہباز شریف کو 179 ووٹ ملے۔ چودھری شجاعت کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کو لیٹر موصول ہونے پر مسلم لیگ ق کے دس ووٹ منسوخ کر دیئے گئے جس پر چودھری پرویزالہیٰ اپنی اکثریت کھو بیٹھے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب برقرار رہے۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے نتائج کا اعلان ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے چودھری شجاعت حسین کے خط کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ارکان کے ووٹ کا فیصلہ پارٹی سربراہ نہیں بلکہ پارلیمانی لیڈر کرتا ہے اور مسلم لیگ ق کے پارلیمانی لیڈر چودھری پرویزالہیٰ ہیں۔ تاہم ڈپٹی سپیکر نے راجہ بشارت کے موقف سے اتفاق نہیں کیا اور حمزہ شہباز کی فتح کا اعلان کر دیا۔