متحدہ علماء محاذ کے تحت وحدت امت امن اجلاس میں سانحہ پشاور کی مذمت

0 222

پاک نیوز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیرصدارت وحدت امت امن اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس سے مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ فنکشنل صوبہ سندھ کے صدر سردار عبدالرحیم، علامہ عبدالخالق فریدی، مولانا جعفرالحسن تھانوی، علامہ علی کرار نقوی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، علامہ سید قرۃ العین عابدی، علامہ سردار امجد ہزاروی، مولانا منظرالحق تھانوی، بشپ خادم بھٹو، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ روشن دین الرشیدی، مولانا مفتی اسدالحق چترالی، مفتی وجیہہ الدین، مفتی وجاہت الحسن تھانوی، علامہ محمد باقر دانش، مفتی محمد اسماعیل شاہ طوری، مفتی حافظ عبدالمجید، مولانا حافظ گل نواز، مولانا فہیم الدین انصاری، مولانا مفتی علی المرتضیٰ، یاسر حسین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ پشاور مسجد بم دھماکہ اسلام و پاکستان کے خلاف استعماری سازشوں کا نتیجہ ہے۔

اجلاس میں پشاور میں دوران نماز خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کی گئی اور دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، امریکہ اسرائیل بھارت و استعمار کے ایجنٹ ہیں، فرقہ وارانہ سازشوں کے خلاف وحدت امت کے جذبہ کو فروغ دینا ہوگا، مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ کا ایک ساتھ بیٹھنا فرقہ پرستوں کی بڑی شکست ہے۔ اجلاس میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے نواسہ رسولؐ امام حسینؑ کے یوم جشن ولادت کی مناسبت سے عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فکر امام حسینؑ و تعلیمات اہل بیت اطہارؑ کے فروغ کیلئے عملی جدوجہد پر زوردیا اور کہا کہ جذبہ حسینیؑ سے فلسطین و کشمیر کی آزادی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن ہے۔ علماء نے کہا کہ نصاب تعلیم سے مقدس شخصیات کے مضامین کا اخراج کسی صورت منظور نہیں، ناموس رسالتؐ عظمت صحابہؓ تقدس اہل بیتؑ ہمارے ایمان کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ماضی کی طرح شیعہ سنی فسادات کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر کی آزادی کیلئے وحدت امت کے جذبہ کو فروغ دینا ہوگا، افواج پاکستان کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں کے خلاف متحد و بیدار ہیں، متحدہ علماء محاذ اتحاد امت، ملکی امن و استحکام کیلئے 17 سالوں سے سرگرم عمل ہے، مذہب و مسلک و قومیت کے نام پر فرقہ واریت، منافرت، عصبیت کو فروغ دینے کی سازشیں کی جارہی ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی حکمرانوں کی کھلی نااہلی ہے، رمضان المبارک سے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر قیامت سے کم نہیں، ملک بڑے مشکل حالات میں ہے علماء مشائخ محراب و منبر سے استحکام و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کریں، عالمی دشمن قوتیں اسلامی ایٹمی پاکستان کو کمزور، منتشر اور اپنا محکوم بناناچاہتی ہیں۔

محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی نے سانحہ پشاور مسجد بم دھماکہ اور بھارت و اسرائیل میں مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم اور کنٹرول لائن پر بھارت کی بزدلانہ دہشت گردی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائیں۔ قراردادوں میں حکومت پاکستان سے اپیل کی گئی کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے مابین تنازعات میں مصالحانہ کردار ادا کرے، مسلم ممالک قبلہ اول کی مکمل آزادی تک اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کریں، اسلام و خاتم النبیین محمدؐ اور مسلمانوں کے خلاف عالمی سازشوں کے سدباب کیلئے مشترکہ موثر جامع حکمت عملی وضع کریں۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی رہنماؤں ارشد شر، فیصل علی بلوچ، ذاکر پٹنی، ڈاکٹر عدنان، راحیل عزیز، خالد حسین و دیگر نے شرکت کی۔ معروف نعت و منقبت خواں قاری حسین الدین شاہ رحمانی نے بارگاہ رسالتؐ و اہل بیت اطہارؑ میں خوش الحانی کے ساتھ نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.