تحریک انصاف کور کمیٹی کی پرویز الہیٰ کی بطور وزیراعلی پنجاب نامزدگی کی توثیق
اجلاس میں ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سنگین دباؤ کے باوجود کامیاب انتخابی مہم پر ذمہ داران اور کارکنان کی محنت قابل تحسین ہے، پاکستان کلمہ لا الٰہ الا اللہ کی نظریاتی اساس پر قائم ریاست ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے چودھری پرویز الہٰی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ چیئرمین عمران خان کی زیرِ صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخاب میں کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال اور آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ اور سندھ کے انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی کے اہم نکات کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سنگین دباؤ کے باوجود کامیاب انتخابی مہم پر ذمہ داران اور کارکنان کی محنت قابل تحسین ہے، پاکستان کلمہ لاالٰہ الا اللہ کی نظریاتی اساس پر قائم ریاست ہے۔ یہ نظریاتی اساس ملک و ملت کو ناقابلِ شکست بندھن میں جوڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے والے ملک کو کمزور کرتے ہیں، قوم ایک انقلاب کی دہلیز پر کھڑی ہے، جس پر رب کریم کے شکر گزار ہیں، انتخابات میں ساری قوتیں یکجا تھیں، مگر معاملہ روایتی سیاست سے اوپر اٹھ چکا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرنے والوں کی سہولت کاری کا فریضہ سرانجام دیا، عوامی قوت کو حقیر سمجھنے کی غلطی کبھی نہ کی جائے، ہمارے معاشی مسائل کا حل ملت کے احیاء میں پوشیدہ ہے، بیرونِ ملک پاکستانی حقیقی اثاثہ ہیں۔