ایک ہی راستہ ہے صاف اور شفاف الیکشن کروائے جائیں،عمران خان

پنجاب جیسا الیکشن کروانا ہے تو اس سے بحران بڑھےگا،عمران خان

0 185

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت میں مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرکے بیرونی سازش کے ذریعے ہمارے اوپر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔

تحریک انصاف کور کمیٹی اجلاس کے بعد قوم سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آج جو میں نے قوم کی بیداری دیکھی ہے پہلے کبھی نہیں دیکھی، جس طرح سے ضمنی الیکشن میں خواتین اورساری قوم نکلی،یہ نیا پاکستان ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جہاں آج ہم کھڑے ہیں،ساری قوم کو فخرکرناچاہیے، اب ہم اللہ کے فضل سے قوم بننے جارہے ہیں۔ کوئی بھی قوم نظریے کےبغیرہجوم ہوتی ہے، ہم کبھی بھی کسی اور غلامی کےلیےتیارنہیں ہوئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو بڑی تعداد میں نکلنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جب ہم ایک قوم بن جائیں گے تو ہمارے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک سیاسی بحران ختم نہیں ہوگا،معاشی بحران ختم نہیں ہوسکتا، آگے ایک ہی راستہ ہے صاف اورشفاف الیکشن کروائےجائیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جب تک سیاسی بحران رہے گا اور لوگ سرمایہ کاری نہیں کریں گے، جیسے جیسے سیاسی استحکام آئے گا لوگ سرمایہ کاری کریںگے، سیاسی استحکام آجائے توملک میں آگےبڑھنے کی صلاحیت ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ الیکشن کمشنرپرکوئی اعتماد نہیں، ہمیں الیکشن ہروانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا گیا، پنجاب جیسا الیکشن کروانا ہے تو اس سے بحران بڑھے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کوجتوانےکی پوری کوشش کی۔ جس طرح الیکشن کرائے گئے وہ بہت افسوس ناک ہے ہمارے خلاف ہر ہتھکنڈا استعمال کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنرپرسب سےزیادہ افسوس ہےانہوں نے بددیانتی کی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کو پتہ ہی نہیں چالیس لاکھ لوگوں کو مردہ قرار دے دیا، کسی اور ملک میں ایسی غلطی ہوتی توچیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو چکا ہوتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کوکل سپریم کورٹ میں چیلنج کررہے ہیں، ہمیں پتہ تھا یہ کیوں آنا چاہتے تھے،آتے ہی اپنے کیسزمعاف کروالیے، ہم نے کہا تھا سیاسی بحران آیا تو معیشت نہیں سنبھالی جائے گی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارےاحساس پروگرام کو دنیا میں سراہا گیا،20 لاکھ لاکھ خاندانوں کوکم سود پرگھر بنانے کیلئے قرضے دے رہے تھے اور ہم پاکستان کو فلاحی ریاست کی طرف لیکرجارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈھائی سال آئی ایم ایف کیساتھ تھے ہم بھی مجبورتھے مگر ہمارے دور میں ایکسپورٹ، اورترسیلات زر ریکارڈ ہوئیں، دو سال میں ہماری ایکسپورٹ 75 فیصد بڑھیں۔ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ ریکارڈ طریقے سے بڑھ رہی تھی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا کے باوجود سب سے زیادہ روزگا ردیا، سروے کے مطابق ہمارے2 سال میں معیشت نے سب سے زیادہ ترقی کی۔

عمران خان نے کہا کہ آج قوم میں شعور آگیا ہے کوئی بھی سمجھتا ہے بند کمرے میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ کر لےگا تو غلط فہمی میں نہ رہے یہ قوم حقیقی آزادی کیلئے نکلی، قوم میں کبھی ایسا جذبہ نہیں دیکھا جوبھی مینڈیٹ چوری کی کوشش کریگا انہیں شکست ہوگی ایک راستہ شفاف الیکشن ہےعوام کو فیصلہ کرنے دیں کس کو حکمرانی دینا چاہتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.