پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں 16 ماہ کی حکومت نہیں لینی چاہیے تھی لیکن اگر ہم یہ ذمہ داری نہ لیتے تو پاکستان پر جو اثرات مرتب ہوتے وہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔
مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ آپ نے میری بہت مدد کی ہے، ہر طرح سے ہاتھ مضبوط کیے، آپ نے سگے بھائیوں والا پیار دیا، برتاؤ کیا۔
شہبازشریف نے ہرلحاظ سے میرے ساتھ قدم بڑھایا، دن رات محنت کرکے آپ نے پروجیکٹ مکمل کرائے، آپ کی ایک ہی خدمت بہت بڑی خدمت ہے، اس کا کوئی متبادل نہیں، آپ نے مشکل حالات کا بہت صبر اور ہمت سے مقابلہ کیا۔
بہت سارے لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں 16 ماہ کی حکومت نہیں لینی چاہیے تھی لیکن حکومت نہ لیتے تو پاکستان پر جو اثرات مرتب ہوتے اس کا کسی کو گمان بھی نہ ہوتا، ہم سب مل کرملک کومشکلات سے باہرنکالیں گے۔
اجلاس میں مریم نواز نے کہاکہ اپنے والد نواز شریف سے زیادتی ہونے پر سیاسی میدان میں آئی، اس سے پہلے کبھی سیاست میں آنے کا نہیں سوچا تھا، ن لیگ کی خدمات نکال دی جائیں تو پاکستان میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں رہ جاتا۔