خیبرپختونخوا کے محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے قیدیوں اور ان کے گھر والوں میں رابطوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ویڈیو کال سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔
سروس کے حصول کیلئے صوبے کے مختلف شہروں کے پولیس اسٹیشنوں میں دو دو سیلز قائم کئے گئے ہیں جہاں کمپیوٹرز سے منسلک ویب کیم کی سہولت بھی میسر ہے۔
محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے اس اقدام سے قیدی مطمئن دکھائی دیتے ہیں، دور دراز علاقوں کے قیدیوں کا کہنا ہے کہ پہلے ان کو کئی دنوں تک اپنوں سے ملاقات کیلئے انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب ویڈیو کال سروس سے فاصلے سمٹ گئے ہیں۔
ویڈیو کال سروس کو قیدیوں کے اہل خانہ نے بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وہ اس اقدام پر محکمہ جیل خانہ جات خیبرپختونخوا کے شکر گزار ہیں۔
صوبے کے مختلف جیلوں میں ویڈیو کال سہولت کی فراہمی سے خصوصاً دوردراز علاقوں سے آنے والے ملاقاتیوں کے سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔