فرقہ واریت، انتہاپسندی و دہشتگردی پھیلانے والوں کیخلاف پوری قوم متحد ہے، ثروت اعجاز قادری
پاک نیوز-پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے مکمل نفاذ سے کراچی سمیت ملک بھر میں جرائم کا مکمل خاتمہ ہوگا، فرقہ واریت، انتہاپسندی و دہشتگردی پھیلانے والوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام پائیدار امن مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان چاہتے ہیں، سیاسی بازی گروں نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے، ایوانوں میں پہنچ کر غریبوں کے مسائل کیلئے کوئی کام نہیں ہو سکا، روپے کی گرتی قدر، مہنگائی و غربت نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو معیشت کو بہتر بنانے کیلئے 3 سالوں میں کوئی فارمولا نہیں ملا، مہنگائی اور غربت نے غریب کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے، ملک کا دو تہائی طبقہ مہنگائی بے روزگاری سے پریشان ہے، جبکہ 12 کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزار رہے ہیں۔
ثروت اعجاز قادری ملک کو معاشی عدم استحکام سے نکالنے کیلئے حکومت بیرونی مداخلت اور قرضوں سے چھٹکارا پانے کیلئے میڈ اِن پاکستان پالیسیاں مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں روز بروز اضافہ پر گہری تشویش ہے، حکومت عوام کو ریلیف دے، نہ کہ مہنگائی میں اضافہ غریب کی مشکلات میں مبتلا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام دوست پالیسیاں بنائے، ملک میں جمہوریت کو مستحکم بنانا ہے تو غریب کی معاشی حالت کو بہتر کرنا ہوگا، کھوکھلے دعوؤں سے عوام بیزار ہو چکے، مہنگائی نے غریب کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومتی طبقہ اپنا آئینی، اخلاقی و جمہوری فریضہ ادا کرے۔