عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد، نااہلی برقرار

0 109

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کے فیصلے میں ترمیم کر کے ٹرائل کورٹ کا آرڈر معطل کرنے کی استدعا مسترد کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا ہی نہیں کی تھی ، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔

عدالت کے علم میں آیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نا اہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے جس پر عدالت نے نوٹس بھی جاری کررکھے ہیں ۔

فیصلے میں کہا گیا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کے روبرو سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کا نااہلی نوٹیفکیشن موجود تھا مگر اس کے باوجود سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کے دوران کوئی بحث نہیں کی گئی۔

ضابطہ فوجداری کی سیکشن 426 کے تحت سزا معطلی کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کیا، اب ضابطہ فوجداری کی سیکشن 561 کے تحت سزا کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کا غیر معمولی ریلیف مانگا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں عدالت نے سزا معطل کر رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی نے نا اہلی ختم کرانے کے لیے مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.