نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ 9 برس پہلے آج کے دن دہشتگردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاورپربزدلانہ حملہ کیا، سانحہ عظیم نے اس قوم کا عزم مضبوط ترکیا۔
انہوں نےسانحہ آرمی پبلک اسکول کی نویں برسی پر جاری پیغام میں نے کہا کہ، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھرکی آنکھیں نم کردیں، آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔
دشمن نے ہمارےمستقبل، ہمارےچمن کی ننھی کونپلوں کو روندکرقوم کاحوصلہ پست کرنےکی ناکام کوشش کی،آرمی پبلک اسکول پشاورکے سانحہ عظیم نے اس قوم کا عزم مضبوط ترکیا۔
قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی، پرنسپل شہید طاہرہ قاضی اور نہتے اساتذہ طالب علموں کو بچانے کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا، آج کا دن ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔