سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو پھانسی ریفرنس کی سماعت کی براہ راست نشریات

0 100

سپریم کورٹ آف پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو پھانسی ریفرنس کی سماعت شروع ہو گئی ، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے، اس حوالے سے عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جا رہی ہے۔

صدارتی ریفرنس پر 11 سال کے بعد سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے لارجر بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

قبل ازیں ذوالفقار بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر آخری سماعت 12 نومبر 2012ء کو ہوئی تھی،سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل اور فاروق ایچ نائیک روسٹرم پر آ گئے۔

9 رکنی بنیچ تشکیل دیا گیا،اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس صدر نے اس ریفرنس کو فائل کیا، جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اس وقت کے صدر آصف زرداری تھے، جنہوں نے ریفرنس دائر کیا۔

چیف جسٹس نے پوچھا اس ریفرنس کے بعد کتنے صدر آئے، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ 2 صدور اس ریفرنس کے بعد آئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اتنے لمبے عرصے تک کیس دوبارہ فکس نہ ہونے پر بطور چیف جسٹس پاکستان معذرت چاہتا ہوں۔

جسٹس منصور شاہ کے استفسار پر اٹارنی جنرل نے ریفرنس میں اُٹھائے گئے سوالات عدالت کے سامنے رکھ دیے۔ ریفرنس میں جج کے تعصب سے متعلق آصف زرداری کیس 2001ء کا بھی حوالہ شامل ہے، اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ریکارڈ کے مطابق کئی درخواستیں دی گئی تھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.