نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تاکید کی ہےکہ پی سی بی میں ٹرینرز، سپورٹ اسٹاف اور دیگر عہدوں پر تعیناتی کرتے ہوئے ملکی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم کی صدارت ہونے والے اجلاس میں پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سمیت بورڈ کے دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔
کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ٹیم ورک کی بدولت ٹیم متحد ہو کر ہر میدان میں کامیابی حاصل کرسکتی ہے، پی سی بی میں ٹرینرز، سپورٹ اسٹاف اور عہدیداران کی تعیناتی کرتے ہوئے ملکی مفاد اور وقار کا خیال رکھا جائے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کی اچھی کوچنگ کے ساتھ بہترین تربیت بھی کی جائے، کرکٹ کو ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی فروغ دینےکی ضرورت ہے۔
نگران وزیر اعظم نے پی سی بی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ایس ایل 9 کے انعقاد کے لیے حکومتی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
انتخابات سے ٹکراؤ نہ ہو اس لیے پی ایس ایل کی تاریخیں ایڈجسٹ کی جائیں، 2025 چیمپئنز ٹرافی کےکامیاب انعقاد کے لیے مل کر کام کریں، کرکٹ بورڈ ایونٹ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کام کرے۔