آرمی چیف کیلئے سعودی عرب کے اعلیٰ ترین شاہ عبدالعزیز میڈل کا اعزاز

سعودی نائب وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف بھی موجود تھے

0 160

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین اعزاز کنگ شاہ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچے، جہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں ان کی جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر آرمی چیف کی اول نائب وزیراعظم،وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف سے بھی ملاقات ہوئی، اور ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سیکیورٹی کی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ تربیت، دفاع، انسداد دہشت گردی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سعودی عرب سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور ہم اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو تسلیم کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہزاد محمد بن سلمان نے آرمی چیف کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا، یہ اعزاز دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مستحکم بنانے پر دیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین عسکری تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی بھی موجود تھے۔

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.