تحریک انصاف نے پارٹی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کو ٹاؤٹ قرار دے دیا

0 86

پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن بہروپیوں کی ریشہ دوانیوں کو نظرانداز کرکے ”بلّے“ کانشان تحریک انصاف کیلئے جاری کرے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کو ٹاؤٹ قرار دے دیا، ستمبر 2011 سے پورے قانونی عمل کے ذریعے جماعت سے نکالے جانے اور جماعت کی بنیادی رکنیت سے محروم ایک کینہ پرور اور شرانگیز ٹاؤٹ کی درخواست کمیشن کو الجھانے کی گھناؤنی سازش ہے۔

سکہ بند جھوٹے اور جعل ساز کو کمیشن کے روبرو زیرِالتوا معاملے پر بیان بازی سے روکنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن فتنہ گروں کے گمراہ کن بیانیوں اور کرائے کے معلوم نامعلوم درخواست گزاروں کی جانب سے انتشار کے بیج بونے کی حوصلہ شکنی کرے۔

اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، بحرانوں سے نجات کی راہ صاف شفاف انتخابات میں مضمر ہے، پارٹی کو سیاسی عمل سے باہر کرنے کی ریاستی کوششوں سے قوم پوری طرح واقف ہے، تحریک انصاف یا اس کی قیادت کے بغیر صاف شفاف انتخابات کا کوئی تصور ممکن ہے نہ عوام اسے قبول کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیے ہیں۔

اکبرایس بابر نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائرکر تے ہوئے پی ٹی آئی کے 2 دسمبر کو ہونے والے انٹراپارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.