مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ میں لاہور اور نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے،ہماری حکومت گرا کر پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا گیا۔
احتساب عدالت کے طلب کرنے پر شہباز شریف رمضان شوگر مل ریفرنس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا ۔
گندے نالے کیس میں گرفتار کیا گیا، میں کیس کے میرٹ پر گفتگو نہیں کروں گا وہ میرا وکیل کرے گا، یہ مقدمہ بہت سال سے چل رہا ہے، مجھے پہلی بار صاف پانی میں بلوایا گیا اور گرفتار آشیانہ میں کیا۔
آشیانہ اقبال میں مجھے آپ کی عدالت نے انصاف دیا، اس کے بعد نیب نے مجھے گندے نالے کیس میں گرفتار کر لیا، مجھے کہا گیا کہ بیٹے کی شوگر مل کے باہر گندا نالا تعمیر کروایا ہے، یہ گندا نالا ایک ایم پی اے نے تعمیر کرایا۔
میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹ لگائے گئے، یہ مل ہماری وراثتی شوگر مل ہے وہ میں نے بیٹے کو ٹرانسفر کر دی ہے، پنجاب میں میرے دور میں شوگر ملز کو سبسڈی نہیں دی گئی۔
میں نے سال 2014-15 میں سندھ سے قیمت زیادہ رکھی، اس وقت مجھ پر پریشر ڈالا گیا لیکن میں نے کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیا، میں نے کہا یتیم، بیواؤں کا پیسہ ہے، شوگر ملز مالکان کیلئے سبسڈی نہیں دوں گا، میں نے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچایا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا اپنے دور حکومت میں جتنے بھی بیرون ملک کے دورے کیے اپنی جیب خرچ سے کیے، آج میں اس عدالت میں حاضر ہوا، آج ہی نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں انصاف کیلئے حاضر ہوں گے، عدالتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔