امریکی پابندیوں نے ایران، پاکستان اور علاقے کو مسائل و مشکلات سے دوچار کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری

ایران پریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ پاکستان نے فلسطین کے بارے میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور پر یقین رکھتا ہے اور اسی بنیاد پر فلسطینیوں کو اس بات کا حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔

0 149

پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں نہ صرف ایران بلکہ پاکستان اور پورے علاقے کو مسائل و مشکلات سے دوچار کئے ہوئے ہیں اور ان پابندیوں سے عوام پر براہ راست منفی اثر پڑ رہا ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایران پریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی اور سکیورٹی لحاظ سے عوام کی ضروریات کو پورا کرنا ہر ملک کے لئے اہم ہوتا ہے اور مذاکرات و سفارتکاری تنازعات کے حل کے اہم ذرائع ہوتے ہیں۔ انہوں نے افغانستان سے ملنے والی پاکستان کی طویل مشترکہ سرحدوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے افغانستان کے مسائل کے بارے میں کہا کہ اس ملک میں جو کچھ بھی واقعہ پیش آتا ہے، اس سے پڑوسی ملکوں، علاقے اور پوری دنیا پر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور افغان عوام کو اس وقت انسانی بحران اور معیشت کے زوال کا سامنا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں سرحدی سکیورٹی بڑھانے کے لئے ایران و پاکستان کے درمیان تعاون جاری ہے، تاہم دہشت گردی کا خاتمہ کرنے لئے سب کو تعاون اور کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین کے بارے میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور پر یقین رکھتا ہے اور اسی بنیاد پر فلسطینیوں کو اس بات کا حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ تہران میں صدر مملکت، وزیر خارجہ اور مختلف دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات و گفتگو کے بعد فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت کے لئے مشہدالمقدس کا بھی سفر کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.