سابق صدر آصف زرداری نے انکشاف کیا ہےکہ عمران حکومت میں پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سے اتحاد کے لیے 6 وزارتوں کی پیش کش کی گئی تھی، عمران خان کو نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ذریعے آر او الیکشن کروا کے 2028 تک حکومت بنالیتے۔
نجی نیوز چینل کو آصف زرداری نے بتایا کہ عمران حکومت مائنس زرداری پیپلز پارٹی چاہتی تھی، انہیں ملک سے باہر جانےکا کہا گیا اور کہا گیا کہ باقی پیپلز پارٹی 6 وزارتوں کے بدلے پی ٹی آئی سے مل کر الیکشن لڑے، میرے ورکر مجھ پربہت اعتماد کرتے ہیں، میں خود بھاگ جاتا تو انہیں کیا کہتا۔
عمران خان حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد درست فیصلہ تھا، عمران خان کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا تھا، عمران خان ملکی معیشت کے دشمن تھے۔
عمران خان کو نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ذریعے آر او الیکشن کروا کے 2028 تک حکومت بنالیتے ، پھر ایک کلو دودھ کے لیے ٹرک بھر کر پیسے لے جانے پڑتے، عدم اعتماد واپس لے لیتے توپاکستان کے حالات بہتر نہیں بدتر ہوتے۔
نہ ایکسپورٹ تھی، نہ زرمبادلہ تھا، نہ دوست تھے جو مدد کرسکتے،ہر چیز میں ڈیفالٹ کرچکے تھے، شہباز شریف کے نمبر بھی زیادہ تھے۔ یقین ہےکہ اگلے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے۔
اسی لیے ان کی جماعت ایکشن میں ہے، ہماری انتخابی مہم شروع ہے، انتخابی مہم سیاسی جماعتوں کے لیے صحت مند ہوتی ہے، شہبازشریف کو کافی چیزیں کہیں جو نہیں مانیں اور اس وجہ سے ملک کو نقصان ہوا۔
2 ارب کی چینی پڑی تھی،اجازت نہیں دی، افغانستان اسمگل ہوگئی، ہمیشہ خوردنی تیل درآمد ہوتا ہے، اس پرپابندی لگا دی،آئندہ الیکشن کے نتیجےمیں مخلوط حکومت بنےگی، ہم ن لیگ کے ساتھ نہ چل سکے اور ن لیگ ہمارے ساتھ نہ چل سکے، یہ بات وقت سے پہلے ہے۔