بھارتی نجی ایئرلائن کے طیارے میں خاتون کا انتقال کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
بھارتی ایئرلائن کی پرواز حیدر آباد دکن سے سعودی عرب جا رہی تھی کہ دورانِ پروازخاتون مسافرکی طبیعت خراب ہوئی۔ طیارے کے کپتان نے پاکستان ائر ٹریفک کنٹرولرسے پروازکوکراچی اتارنے کی اجازت مانگی۔
پرواز کی ہنگامی طبی بنیاد پر لینڈنگ کے بعد خاتون مسافرکو جناح ٹرمینل پرطبی امداد فراہم کی گئی، تاہم خاتون مسافرجانبرنہ ہوسکی۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق طیارہ نے صبح 4 بج کر 15 منٹ پر کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کیا۔ طیارے کی بھارتی خاتون مسافر جوہرہ بی کو معائنے پر مردہ پایا گیا، بعد ازاں طیارہ مردہ خاتون کو لے کر 6 بج کر 15 منٹ پر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔
علاوہ ازیں کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایک اور میڈیکل ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ مسقط سے کراچی آنے والی غیر ملکی ائرلائن کے طیارے میں دوران پروازمسافر کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق ایمبولینس ،ڈاکٹر،پیرا میڈیکل اسٹاف طلب کیا گیا۔ طیارہ لینڈنگ کے لیے اپروچ پر تھاکہ اچانک مسافر کو مرگی کے دورے پڑے۔
طیارے کو فوری طور پر لینڈنگ کرائی گئی۔ ڈاکٹر پیرا میڈیکل اسٹاف رن وے پر پہنچا اور مسافر کے طبی معائنے کے بعد سول ایوی ایشن کی ایمبولینس کے ذریعے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔