اورنگی ٹاؤن واقعے میں ملوث ڈی ایس پی کو سزا دلوائیں گے، نگران وزیر داخلہ سندھ
نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن واقعے میں ملوث پولیس ڈی ایس پی کو سخت سزا دلوائیں گے، انڈر ٹریننگ ڈی ایس پی کو اس طرح کے ٹاسک نہیں دینے چاہیے تھے۔
ہم نے واقعے پر فوری کارروائی کی، ڈی ایس پی کو گرفتار کیا گیا اور ایف آئی آر کاٹی گئی، سخت سزا دلوائیں گے۔ایس ایس پی کی غلطی ہے، آئی جی پولیس نے انھیں معطل کر دیا ہے، ایس ایس پی کے خلاف بھی ضروری کارروائی ہو گی۔
پولیس کی قیادت اچھی ہے اور میں مطمئن ہوں، نگران حکومت آنے کے بعد کچے کے علاقوں میں جرائم نہیں ہوئے،پولیس کے سپاہی کی تنخواہ 60 سے 70 ہزار روپے ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی خدمت کیلئے ہیں۔
خیال رہے کہ تاجر منصور شیخ نے الزام عائد کیا تھا کہ 24 اکتوبر کی رات گلشن اقبال 13 ڈی میں ڈی ایس پی عمیرطارق نے واردات کی، ڈی ایس پی عمیر طارق نے 2 گھنٹے تلاشی کے دوران ملزمان کے گھر میں دو کروڑ روپے تلاش کرتے رہے۔
گھر کا لاکر توڑ کر ڈیڑھ لاکھ روپے، پرائزبانڈ، گھڑیاں، پستول اور موبائل فون لے گئے،گزشتہ روز گرفتار ڈی ایس پی عمیر طارق کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے ان کا ایک روز کا ریمانڈ منظور کیا تھا۔