اسموگ پر قابو پانے سے متعلق کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی سیل کی گئی 84 فیکٹریاں دوبارہ سر بمہر کرنےکا حکم دیتے ہوئے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے مزیدکارروائی 24 نومبر تک ملتوی کر دی۔
ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر 84 فیکٹریاں سیل کی گئی تھیں جنہیں ماحولیات ٹریبونل نے ڈی سیل کر دیا ہے، ضلع ننکانہ میں فصلوں کی باقیات جلانے پر ذمہ دار افسروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور بھٹوں کو ڈی سیل کرنے والے افسران کے نام طلب کرلیے،عدالت نےحکم دیا کہ ڈی سیل کی گئی تمام فیکٹریاں دوبارہ سیل کی جائیں۔
ماحولیات ٹریبونل کا آرڈر دکھایا جائے، ٹریبونل نےکیسے فیکٹریاں ڈی سیل کر دیں؟ جتنے افسروں نے ڈی سیل کیا ہے ان کے نام بتائے جائیں۔