وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا معاویہ اعظم کو وزارت دینے سے انکار

انتہائی باوثوق ذرائع نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ معاویہ اعظم کی جانب سے وزارت مذہبی امور دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے مشاورت کی، جس کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے متفقہ فیصلہ کیا کہ معاویہ اعظم کو کوئی وزارت نہیں دی جائے گی۔

0 158

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کالعدم سپاہ صحابہ کے سیاسی ونگ ’’راہ حق پارٹی‘‘ کے پنجاب اسمبلی میں اکلوتے رکن معاویہ اعظم طارق کو کوئی بھی وزارت نہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ معاویہ اعظم کی جانب سے وزارت مذہبی امور دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے مشاورت کی، جس کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے متفقہ فیصلہ کیا کہ معاویہ اعظم کو کوئی وزارت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ٹاسک سونپا کہ وہ معاویہ اعظم سے ملاقات کرکے انہیں معاملے کی نزاکت کے حوالے سے قائل کریں۔

رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز معاویہ اعظم طارق سے لاہور میں ملاقات کی اور انہیں معاملے کی نزاکت سے آگاہ کرتے ہوئے پارٹی قیادت کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پر معاویہ اعظم نے کہا کہ وہ ن لیگ کی قیادت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں تاہم وزیراعلیٰ بننے سے پہلے ان کیساتھ مسلم لیگ ن جو معاہدہ کیا تھا اس پر عملدرآمد کروایا جائے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اس حوالے سے انہیں یقین دہانی کروائی کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ان کیساتھ کئے گئے معاہدے پر لازمی عملدرآمد کرے گی۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ بننے کیلئے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کیلئے معاویہ اعظم نے مشروط آمادگی ظاہر کی تھی اور اپنے مطالبات رکھے تھے، جن پر رانا ثناء اللہ نے تحریری معاہدہ کیا تھا۔ معاہدے کے بعد ہی معاویہ اعظم نے حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا۔ معاہدے کے مطابق حکومت متنازعہ اور فرقہ واریت پر مبنی’’تحفظ بنیاد اسلام بل‘‘جو کہ پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور شدہ ہے، کی موثر عملداری کیلئے عملی اقدامات کرئےگی۔ معاہدے میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ضلع جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دینے کا فوری اعلان کیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق جھنگ میں ٹیچنگ ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور جھنگ کی تمام ترقیاتی سکیموں کو فل فنڈز دیا جائے گا۔ اس معاہدے پر مسلم لیگ نون کی جانب سے پی ایم ایل این پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور راہِ حق پارٹی کی جانب سے معاویہ اعظم جبکہ ضامن کے طور پر مولانا الیاس چنٹیوٹی نے دستخط کئے تھے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے معاویہ اعظم کو یقین دلایا تھا کہ وہ جھنگ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.