پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری

پاکستان سے گزشتہ5روز میں ساڑھے8ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

0 145

ترجمان مذہبی امور نے بتایا ہے کہ پاکستان سے آج5 حج پروازوں سے1500 سے زائد عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچيں گے۔ عازمینِ حج کو مدینہ منورہ میں8 روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کیا جائےگا۔

ترجمان مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ حج سے قبل17 ہزار عازمینِ حج مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کریں گے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ 106پروازوں پر مشتمل حج فلائٹ آپریشن30جون تک جاری رہے گا۔

کرونا ویکسین لازمی قرار

وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے عازمینِ حج کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہر عمر کے عازمینِ حج کیلئے کرونا ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔ کرونا ویکسین کی مکمل ڈوز کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ منع ہوگا۔

منظور شدہ ویکسین کون سی؟

تمام عازمینِ حج روانگی سے قبل سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسین کا سرٹیفکیٹ ہمراہ رکھیں۔ منظور شدہ ویکسین کا ثبوت نہ ہونے پر طیارے سے آف لوڈ کردیا جائے گا۔

وزارت صحت کے مطابق عازمین حج کیلئے انسداد کرونا کی ویکسین موڈرنا، فائزر، ایسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن منظور شدہ ہیں۔

حج پروازوں کا آغاز

واضح رہے کہ پاکستان عازمین حج کی حجازمقدس روانگی کا سلسلہ 6 جون سے شروع ہوا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد، کوئٹہ اور لاہور سے خصوصی حج پروازیں مدینہ روانہ ہورہی ہیں۔ روڈ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی پرواز پیر کی صبح نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔

اس سال پاکستانی عازمین حج کو جدہ کے ہوائی اڈے پر امیگریشن کیلئے قطاریں نہیں لگانی پڑے گی۔ سعودی عرب نے روڈ ٹو مکہ کے تحت پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن کارروائی پاکستان میں ہی مکمل ہورہی ہے۔ پاکستان میں امیگریشن کی کارروائی مکمل ہونے سے عازمین حج جدہ ایئرپورٹ پر رکے بغیر ہوٹل روانہ ہوں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے 5 ممالک کیلئے روڈ ٹو مکہ منصوبے کی سہولت دوبارہ شروع کی گئی۔

سرکاری عازمین کی پروازوں کا سلسلہ 6 سے 13 جون تک اور پرائیویٹ عازمین کی روانگی 19 سے 27 جون تک جاری رہے گی۔ اس سال کل 81 ہزار پاکستانی عازمین روانہ ہوں گے جس میں سے 32 ہزار سرکاری اسکیم جب کہ 48 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت جائیں گے۔

پی آئی اے کا بعد ازحج کی پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی اور 13 اگست تک جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.