سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دھمکی اس بات کا ثبوت ہے کہ صیہونی ریاست اور ایٹمی قوت انتہاپسند جنونیوں کے ہاتھ میں ہے، بے گناہوں کے قاتلوں کا پوری دنیا پر خود کش حملے کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے انٹرنیشنل ایٹامک اینرجی ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی ریاست کی جوہری تنصیبات پر مانیٹر مقرر کرے،اسرائیلی وزیر تباہ حال غزہ پر ایٹم بم گرانے کی باتیں کرنے لگے
شہبازشریف نے بین الاقوامی برادری سے صیہونی ریاست کی انتہاپسندی اور ایٹمی پاگل پن پر ٹھوس ردعمل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نہتی، بے گناہ آبادی کے قتل عام پر خاموشی کے مزید بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
ایٹم بم گرانے کا بیان اسرائیل کے مستقبل کی سوچ اور ارادوں کا پتا دے رہا ہے، جنونیوں کو نہ روکا گیا تو دنیا جہنم بن جائے گی۔ یہ پاگل پن پوری دنیا کو بھسم کرنے کے مترادف ہے۔ عالمی برادری، سلامتی کونسل اور اسلامی دنیا اسرائیلی وزیر کی دھمکی کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
خیال رہے کہ انتہاپسند اسرائیلی وزیر ایمی چائی ایلیاہو کا انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں، فلسطینیوں کو آئرلینڈ یا کسی صحرا میں چلے جانے چاہیے۔