اسلام ہی سب سے بڑا خواتین کے حقوق کا علمبردار ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی

0 172

پاک نیوز۔ داراالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اسلام ہی سب سے بڑا خواتین کے حقوق کا علمبردار ہے، دین حنیف عورتوں کو تمام بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، آج کے دور میں آزادی نسواں کے نام پر عورت کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، عورتوں کے حقوق کی من مانی تشریحات اور توضیحات کے ذریعے عورت کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، کسی بھی معاشرے میں کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ بے حیائی کو عام کرے بلکہ حدود میں رہتے ہوئے عزت و احترام سے خواتین کے حقوق کا جھنڈا بلند کرتے ہوئے اپنا نقطہ نظر پیش کرنا چاہیے، جامعہ سراجیہ نعیمیہ کے زیراہتمام کل ”یوم حیاء“ منایاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر راغب نعیمی نے نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں علامہ قاسم علوی، صدر نعیمین مفتی قیصر شہزاد نعیمی، مفتی نعیم جاوید نوری، پروفیسر ارشد اقبال، علامہ نعیم رحمت نوری، مفتی ندیم قمر، مفتی ابوبکر قریشی، مولانا محمد عمران حسین، علامہ شاہد قادری، مفتی فیصل ندیم، مفتی عبدالستار سعیدی، علامہ یاسین باروی، علامہ سعید احمد، مولانا سفیان علی، علامہ عابد علی نعیمی، مفتی سبحان قادری، مولانا حسن فرید، علامہ رفیق احمد سمیت دیگر مرکزی عہدیداروں نے شرکت کی۔ علامہ راغب نعیمی نے مزید کہا کہ اسلام نے عورت کو معاشرے میں عزت و تکریم کا مقام دیا، اسلام سے پہلے کسی مذہب نے عورتوں کو جائیداد میں اس طرح حصہ نہیں دیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کے جائز قانونی اور مذہبی حقوق تسلیم کرنے کیلئے مناسب قانون سازی کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.