نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے صارفین کو خبردار کردیا ہے کہ سردیوں میں گیس صارفین کو دوا کی طرح صبح دو پہر اور شام تین ٹائم ملے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کو صبح دوپہر اور رات کے اوقات میں مجموعی طور پر 8 گھنٹے گیس سپلائی یقینی بنائیں گے،گھریلو صارفین کو ایل پی جی پر جانا پڑے گا، ملک میں جتنی گیس ہے اسی کے مطابق سردیوں میں سپلائی ہو گی۔
دسمبر کیلئے 2 ایل این جی کارگوز کا بندوبست کرلیا ہے، نئے گیس کنکشنز پر پابندی برقرار رہے گی کیونکہ نئے کنکشنز کیلئے ملک میں گیس موجود نہیں ہے۔
گیس قیمتوں میں غریب صارفین پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالا، صرف ان کیلئے فکس چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کئے ہیں،گیس قیمتوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی تاہم ای سی سی نے جن قیمتوں کی منظوری دی ہے اس کے بعد 4500 ارب روپے سے زائد توانائی کا گردشی قرض مزید نہیں بڑھے گا۔