چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر جاری 14 ملکی فضائی مشق انڈس شیلڈ 2023 کا معائنہ کیا۔
پاک فضائیہ کے تحت انڈس شیلڈ 2023 کے نام سے ہونے والی فضائی مشق سے متعلق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ یہ مشق نہ صرف شریک فضائی افواج کو اپنی بے مثال مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو نمایاں کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کر رہی ہے بلکہ شریک عسکری دستوں کے مابین ربط اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے باہمی مفاہمت کو بھی مستحکم کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فضائی مشق کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ مقاصد کے حصول میں کثیر القومی فضائی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر ائیر چیف کے وژن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈس شیلڈ مشق علاقائی سلامتی کو تقویت دینے اور اتحادی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔
فضائی مشق انڈس شیلڈ 2023 میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14 فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔